ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / سری نگر: پلوامہ میں نامعلوم اسلحہ برداروں کی فائرنگ سے مسجد کے امام زخمی

سری نگر: پلوامہ میں نامعلوم اسلحہ برداروں کی فائرنگ سے مسجد کے امام زخمی

Sat, 07 Jul 2018 00:46:08    S.O. News Service

سری نگر،06؍جولائی (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں جمعہ کی صبح نامعلوم بندوق برداروں نے ایک مقامی مسجد کے امام پر گولیاں چلاکر انہیں شدید طور پر زخمی کردیا۔ ریاستی پولیس نے حملے کے لئے جنگجوؤں کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔کشمیر زون پولیس کے آفیشل ٹویٹر اکاونٹ پر کہا گیا ’جنگجوؤں نے آج صبح پلوامہ کے پاری گام میں ایک عام شہری پر گولیاں چلائیں۔ اسے علاج ومعالجہ کے لئے اسپتال میں داخل کیا گیا ہے‘۔

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ نامعلوم بندوق برداروں نے جمعہ کی صبح پاری گام میں مولوی محمد اشرف ٹھوکر کی ٹانگوں کو نشانہ بناکر گولیاں چلائیں۔ انہوں نے بتایا ’محمد اشرف ضلع اننت ناگ کے بجبہاڑہ کے رہنے والے ہیں۔ گولیاں لگنے سے اس کی دونوں ٹانگیں زخمی ہوئی ہیں۔ اس سے پہلے مقامی اسپتال اور بعدازاں وہاں سے ڈاکٹروں کے مشورے پر سری نگر منتقل کیا گیا‘۔

رپورٹ کے مطابق محمد اشرف پاری گام کی مقامی مسجد میں امامت کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ اگرچہ سکیورٹی فورسز نے محمد اشرف پر حملے کے بعد پاری گام میں تلاشی آپریشن شروع کیا، تاہم حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے تھے۔ انہوں نے بتایا ’واقعہ کی نسبت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی گئی ہے‘۔


Share: